بھارتی چیف جسٹس کے نوجوانوں کو کاکروچ کہنے پر نوجوانوں نے کاکروچ جنتا پارٹی بنالی

بھارتی چیف جسٹس کے نوجوانوں کو کاکروچ کہنے پر GenZ نے کاکروچ جنتا پارٹی بنالی

نئی دہلی: انڈین چیف جسٹس کے ملک کے نوجوانوں کو کاکروچ کہنے پر نوجوانوں نے کاکروچ جنتا پارٹی بنا لی، چند دنوں میں انسٹا گرام پر 82 لاکھ سے زیادہ فالورز ہوگئے۔ پارٹی کی طرف سے سسٹم کو جواب دیا گیا ہے کہ ”  جب انڈیا کو گٹر بناؤ گے تو یہاں سب کاکروچ ہی پیدا ہوں گے۔”

الجزیرہ کے مطابق پبلک ریلیشنز کے 30 سالہ گریجویٹ ابھیجیت ڈپکے گزشتہ 72 گھنٹوں سے بمشکل سو پائے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ایک معمولی مذاق نے ایسا غیر متوقع رخ اختیار کیا کہ انہیں پیغامات کے طوفان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ امریکہ کی بوسٹن یونیورسٹی سے حال ہی میں فارغ التحصیل ہونے والے ابھیجیت اب ایک وسیع طنزیہ سیاسی تحریک، “کاکروچ جنتا پارٹی” کی قیادت کر رہے ہیں، جس میں روزانہ ہزاروں لوگ آن لائن شامل ہو رہے ہیں۔

اس تحریک کا آغاز اس وقت ہوا جب جمعہ کے روز بھارت کے چیف جسٹس سوریا کانت نے ایک کھلی عدالت میں سماعت کے دوران کہا کہ “پیراسائٹس” نظام پر حملہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو لال بیگوں (کاکروچ) سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں کوئی روزگار نہیں ملتا اور پیشہ ورانہ دنیا میں ان کی کوئی جگہ نہیں ہوتی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کچھ نوجوان کاکروچ کی طرح ہیں جنہیں ملازمت نہیں ملتی تو وہ میڈیا، سوشل میڈیا، آر ٹی آئی (حق معلومات) اور دیگر شعبوں کے کارکن بن جاتے ہیں اور ہر ایک پر حملے شروع کر دیتے ہیں۔

اگرچہ جسٹس سوریا کانت نے بعد میں اپنے ریمارکس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اشارہ جعلی ڈگریاں حاصل کرنے والے مخصوص لوگوں کی طرف تھا نہ کہ بھارت کے نوجوانوں کی طرف، جنہیں انہوں نے “ترقی یافتہ بھارت کے ستون” قرار دیا، لیکن ان کے الفاظ نے شدید غصے کو جنم دیا۔ یہ غصہ خاص طور پر ‘GenZ’ (نوجوان نسل) کے صارفین میں دیکھا گیا جو وزیر اعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست حکومت کے 12 سالہ دور میں بڑے پیمانے پر بے روزگاری، مہنگائی اور تلخ مذہبی تفریق کا سامنا کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے غم و غصے کو دیکھتے ہوئے ابھیجیت ڈپکے نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ لکھی کہ “کیا ہو اگر سارے کاکروچ اکٹھے ہو جائیں؟” انہوں نے اپنے اس مذاق اور اس کے پیچھے چھپے شدید مایوس کن جذبات کو آگے بڑھاتے ہوئے مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے نام پر طنز کرتے ہوئے “کاکروچ جنتا پارٹی” کے نام سے ایک ویب سائٹ اور انسٹاگرام و ایکس پر اکاؤنٹس بنا ڈالے۔ دیکھتے ہی دیکھتے انسٹاگرام پر کاکروچ جنتا پارٹی کے فالورز کی تعداد 82 لاکھ سے بڑھ گئی۔

شکاگو سے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے ابھیجیت کا کہنا تھا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگ شہریوں کو کاکروچ اور پیراسائٹس سمجھتے ہیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ کاکروچ گندی اور سڑی ہوئی جگہوں پر ہی پیدا ہوتے ہیں اور آج کا بھارت ایسا ہی بن چکا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں ہر سال 80 لاکھ سے زائد نوجوان گریجویٹ ہوتے ہیں لیکن ان میں بے روزگاری کی شرح 29.1 فیصد ہے، جو اسکول نہ جانے والے افراد کے مقابلے میں نو گنا زیادہ ہے۔ بھارت کی کل آبادی کا ایک چوتھائی سے زیادہ حصہ جنریشن زی پر مشتمل ہے، جو دنیا بھر میں اس عمر کے نوجوانوں کا سب سے بڑا گروپ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چیف جسٹس کے الفاظ نے نوجوانوں کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا۔ یہ ریمارکس ایک ایسے ہفتے میں سامنے آئے جب امتحانی پرچے لیک ہونے کے خلاف ملک بھر میں نوجوان طلبہ کے شدید احتجاجی مظاہرے جاری تھے، جس کی وجہ سے حکومت کو میڈیکل کا ایک بڑا داخلہ ٹیسٹ بھی منسوخ کرنا پڑا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *