امریکہ میں وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں سیکرٹ سروس اہلکاروں نے حملہ آور کو ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق واقعہ سنیچر کی شام اس وقت پیش آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس کے اندر ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے سے متعلق امور پر کام کر رہے تھے۔
سیکرٹ سروس کے سربراہ انتھونی گگلیمی نے واقعے کے بعد جاری بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ محفوظ رہے اور اس واقعے سے انہیں کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔
حکام کے مطابق شام چھ بجے کے بعد ایک شخص نے اچانک اپنے بیگ سے ہتھیار نکالا اور فائرنگ شروع کر دی، جس پر سیکرٹ سروس اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی۔ حملہ آور کو گولیاں لگنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
انتھونی گگلیمی کے مطابق واقعے میں ایک راہگیر بھی زخمی ہوا، تاہم اس کی شناخت یا حالت سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکرٹ سروس کا کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔
فائرنگ کے بعد پولیس اور سیکرٹ سروس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کئی گھنٹوں تک اطراف کی سڑکیں بند رہیں۔
ایک کینیڈین سیاح ریڈ ایڈرین نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہوں نے تقریباً 20 سے 25 گولیوں کی آوازیں سنیں۔ ان کے مطابق ابتدا میں یہ آوازیں آتش بازی جیسی محسوس ہوئیں مگر بعد میں لوگ خوفزدہ ہو کر بھاگنے لگے۔
واقعے کے وقت وائٹ ہاؤس کے نارتھ لان میں موجود صحافیوں نے بتایا کہ فائرنگ کی آواز سنتے ہی انہیں فوری طور پر پریس بریفنگ روم کی جانب منتقل کیا گیا۔
سیلینا وانگ جو اس وقت سوشل میڈیا کے لیے ویڈیو ریکارڈ کر رہی تھیں، فائرنگ شروع ہوتے ہی زمین پر گر گئیں جبکہ گولیوں کی آوازیں ویڈیو میں ریکارڈ ہو گئیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ “درجنوں گولیوں کی آوازیں سنائی دیں۔”
79 سالہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں بھی متعدد سکیورٹی خطرات کا سامنا کر چکے ہیں۔ جولائی 2024 میں پنسلوانیا میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ان پر فائرنگ ہوئی تھی جس میں ان کے کان پر معمولی زخم آئے تھے جبکہ حملہ آور کو موقع پر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
اسی طرح چند ماہ بعد ویسٹ پام بیچ گالف کورس سے ایک مسلح شخص کو گرفتار کیا گیا تھا جہاں صدر ٹرمپ موجود تھے، جبکہ رواں سال اپریل میں بھی ایک مسلح شخص نے ایک تقریب میں گھسنے کی کوشش کی تھی تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے اسے قابو کر لیا تھا۔
