روسی جنگی جہاز ایڈمرل گریگورووچ کی برطانوی کشتی کے قریب فائرنگ، برطانیہ میں تحقیقات جاری

روسی جنگی جہاز ایڈمرل گریگورووچ کی برطانوی کشتی کے قریب فائرنگ، برطانیہ میں تحقیقات جاری

لندن (ویب ڈیسک) برطانیہ کی وزارتِ دفاع اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ مبینہ طور پر ایک روسی جنگی جہاز نے انگلش چینل میں برطانیہ کی ایک رجسٹرڈ کشتی کے قریب وارننگ فائر کیے۔

بی  بی سی اردو کے مطابق یہ واقعہ منگل کو برطانوی وقت کے مطاب صبح تقریباً 11:40 پر آئل آف وائٹ اور نورمنڈی کے درمیان پیش آیا، جس میں روسی فریگیٹ ایڈمرل گریگورووچ ملوث تھی۔سمجھا جاتا ہے کہ اس واقعے میں یاٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی کوئی زخمی ہوا۔

برطانوی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے کہا: ’ہم چینل میں پیش آنے والے اس واقعے کی رپورٹس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔‘

برطانوی حکام کو ایک برطانوی رجسٹرڈ کشتی کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ روسی جہاز نے تقریباً 500 گز کے فاصلے سے وارننگ فائر کیے، جو سمندری سفر کے معیار کے لحاظ سے کافی کم فاصلہ سمجھا جاتا ہے۔یہ واقعہ مبینہ طور پر آئل آف وائٹ سے تقریباً 20 سمندری میل جنوب میں، برطانوی علاقائی پانیوں سے باہر پیش آیا۔

یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب چند دن قبل رائل میرین کمانڈوز نے اتوار کے روز چینل میں پابندیوں کے باوجود آنے والے تیل بردار روسی ’شیڈو فلیٹ‘ ٹینکر کو روکا تھا، جو اس نوعیت کی برطانوی فوج کی پہلی کارروائی تھی۔تاہم، برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ اس حالیہ واقعے کو اتوار کی کارروائی سے متعلق نہیں سمجھا جا رہا۔

روسی جنگی جہاز باقاعدگی سے انگلش چینل سے گزرتے ہیں اور معمول کے مطابق رائل نیوی کے جہازوں کی جانب سے ان کی نگرانی کی جاتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *