پاکستان کے معروف گلوکار ابرار الحق نے اپنے مقبول گانے ’نچ پنجابن‘ کے حوالے سے ایک بار پھر حقوقِ ملکیت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ بالی ووڈ میں ان کے گانے کو مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے استعمال کیا گیا۔
ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ابرار الحق نے کہا کہ انہوں نے ’نچ پنجابن‘ کبھی فروخت نہیں کیا تھا، تاہم بعض افراد نے خود ہی یہ فرض کرلیا کہ انہیں گانے کے حقوق حاصل ہیں۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اس معاملے پر سوال اٹھایا تو انہیں جواب دیا گیا کہ گانے کے حقوق ایک دوسرے ذریعے سے حاصل کیے گئے ہیں۔ ابرار الحق کے مطابق انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے یہ گانا کسی کو فروخت یا منتقل نہیں کیا تھا اور یہ ان کی تخلیق اور ملکیت ہے۔
ابرار الحق نے دعویٰ کیا کہ اس معاملے میں مبینہ طور پر جعلی دستاویزات تیار کی گئیں اور ان کے دستخط بھی غلط طریقے سے استعمال کیے گئے، بیرون ملک قانونی کارروائی کرنا ایک مہنگا اور طویل عمل ہے، جس کی وجہ سے فنکاروں کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ صرف ان کے ایک گانے تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر میں کئی فنکاروں کو اپنے تخلیقی کام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
گلوکار نے ہارون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اس معاملے میں کوئی غلط کردار نہیں تھا، ہارون کو ایک بھارتی نمائندے کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ایک کمپنی ان کے گانے کو غلط طریقے سے ریلیز کر رہی ہے، جس پر ایک تحریری وضاحت مانگی گئی تھی۔
ابرار الحق کا کہنا تھا کہ اس خط کا مقصد صرف گانے کے غلط استعمال کو روکنا تھا، اسے گانے کے حقوق کی فروخت یا منتقلی کا ثبوت نہیں سمجھا جاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حیران کن طور پر گانے کو استعمال کرتے ہوئے مکمل فلم بنائی گئی اور اسے تجارتی طور پر پیش کیا گیا، جو ان کے خیال میں فنکار کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
پاکستانی گلوکار نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر قانونی کارروائی شروع کر رکھی ہے اور کیس اس وقت زیر سماعت ہے، اگر متعلقہ فریق کے پاس گانے کی ملکیت یا حقوق منتقل ہونے کا کوئی باقاعدہ تحریری معاہدہ موجود ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے۔
ابرار الحق نے ایک کمپنی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ادارہ اس معاملے میں شامل ہے اور ممکنہ طور پر اپنا نام بھی تبدیل کرچکا ہے۔ ان کے مطابق یہ ایک واضح قانونی معاملہ ہے، جس میں اصل فیصلہ دستاویزی ثبوت کی بنیاد پر ہوگا۔
واضح رہے کہ ’نچ پنجابن‘ ابرار الحق کے مشہور ترین گانوں میں شمار ہوتا ہے، جس نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی۔ گانے کے حقوق سے متعلق تنازع سامنے آنے کے بعد ایک بار پھر فنکاروں کے تخلیقی حقوق اور میوزک انڈسٹری میں قانونی تحفظ کے معاملات زیر بحث آگئے ہیں۔
