آپریشن غضب للحق پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گا، وزیراعظم

 ایسی سپورٹ جو لاڈلے کو ملی اگر ہماری کسی حکومت کو 30 فیصد بھی ملی ہوتی تو پاکستان راکٹ کی طرح اوپر جاتا‘ وزیراعظم شہبازشریف کی مئی 2022 کی ویڈیو وائرل

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن غضب للحق پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گا، جب کہ پاکستان ایک نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیکلٹی اور زیرِ تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر قیمت چکانے کو تیار ہے، جب کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن ’غضب للحق‘ پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاریوں اور قومی سلامتی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے معرکۂ حق کا حوالہ دیتے ہوئے عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی تاریخی کامیابی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کی بلااشتعال اور جارحانہ کارروائیوں کے مقابلے میں پاکستان نے ذمہ دارانہ طرزِ عمل، تحمل اور دانش مندی کا مظاہرہ کیا، جسے عالمی برادری نے بھی تسلیم کیا۔

انہوں نے کہا کہ افغان طالبان میں موجود دہشت گرد پراکسیوں کے خلاف اور معصوم شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے آپریشن غضب للحق بھرپور عزم کے ساتھ جاری ہے، جس کے تحت دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور معاونت فراہم کرنے والے ڈھانچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا اور دوست ممالک سے آئے ہوئے افسران کی موجودگی کا ذکر کیا۔

انہوں نے عسکری سفارت کاری اور دفاعی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ’نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر‘ کے طور پر خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

اس سے قبل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ آمد پر وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال چیف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزرائے دفاع، داخلہ و اطلاعات اور وزیراعلیٰ بلوچستان بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *