سی ڈی اے کا پراپرٹی اور واٹر بلنگ سسٹم سائبر حملے کا نشانہ، ہیکرزکا  بٹ کوائن میں تاوان کا مطالبہ

سی ڈی اے کا پراپرٹی اور واٹر بلنگ سسٹم سائبر حملے کا نشانہ، ہیکرزکا  بٹ کوائن میں تاوان کا مطالبہ

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )اسلام آباد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کا پراپرٹی، کنزروینسی چارجز اور پانی کے بلوں سے متعلق آن لائن بلنگ سسٹم مبینہ طور پر سائبر حملے کا شکار ہو گیا ہے، جس کے بعد شہری انتظامیہ گزشتہ تین روز سے شدید دباؤ اور تشویش کا سامنا کر رہی ہے جبکہ ہیکرز نے بٹ کوائن میں تاوان طلب کر لیاہے ۔

روزنامہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق نامعلوم ہیکرز نے سی ڈی اے کے بلنگ اور پراپرٹی ریکارڈ سسٹم میں مبینہ طور پر دراندازی کر کے حساس ڈیٹا تک رسائی حاصل کر لی ہے اور بٹ کوائن کی صورت میں تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے کے پراپرٹی اور کنزروینسی چارجز سے متعلق ڈیٹا سے سمجھوتہ کیا گیا ہے اور ہیکرز نے دھمکی دی ہے کہ اگر تاوان ادا نہ کیا گیا تو یہ معلومات ڈارک ویب پر اپ لوڈ کر دی جائیں گی۔

سی ڈی اے کے محکمہ ریونیو کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جون مالی سال کے اختتامی مہینے کے طور پر انتہائی اہم ہوتا ہے کیونکہ اس دوران بڑی تعداد میں شہری اپنے پراپرٹی ٹیکس اور دیگر واجبات ادا کرتے ہیں، تاہم گزشتہ تین روز سے ادارے کا سسٹم ہیک ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

عہدیدار کے مطابق ریونیو ڈائریکٹوریٹ، سی ڈی اے کے سروس فراہم کنندہ ادارے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ مشترکہ طور پر ڈیٹا کی بحالی اور سسٹم کی بحالی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ 

یہ پہلا موقع نہیں کہ سی ڈی اے سائبر حملے کا شکار ہوا ہو۔ 2024 میں بھی مبینہ طور پر بھارتی ہیکرز نے سی ڈی اے کی ویب سائٹ ہیک کر کے اس کا ڈیٹا ڈارک ویب پر اپ لوڈ کر دیا تھا۔ چند روز بعد ویب سائٹ بحال کر دی گئی تھی، تاہم اس واقعے نے نہ صرف سی ڈی اے بلکہ وفاقی حکومت کی سطح پر بھی تشویش پیدا کر دی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *